سعودی عرب: غیر قانونی تارکین وطن کےخلاف کارروائی میں شدت

ریاض:سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی میں شدت آگئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو سعودی وزارت داخلہ نے بتایا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف مملکت کی سطح پر جاری مہم کے دوران اب تک11 لاکھ96ہزار498 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ گرفتار شدگان میں53 فیصد یمنی،43 فیصد ایتھوپیائی جبکہ3فیصد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی شامل ہیں ۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم مختلف مراحل پر مشتمل ہے جن میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر8 لاکھ83ہزار398 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ قانون محنت کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ 11ہزار588 کی گرفتاری عمل میں آئی۔ اسی طرح سرحدی خلاف ورزی کرنے والے گرفتار شدگان کی تعداد97ہزار512 ہے۔ سرحدی محافظوں نے781افراد کو غیر قانونی طور پر سعودی عرب کی سرحد عبور کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ غیر قانونی تارکین کو روزگار اورانہیں قیام وطعام کی سہولت فراہم کرنے والے بھی قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں ۔ غیر قانونی تارکین کو مذکورہ سہولتیں فراہم کرنے پر2ہزار110 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں396 مقامی شہری تھے جن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جارہی ہے۔ سعودی پولیس بارہا سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کرچکی ہے کہ وہ غیر قانونی تارکین سے پاک وطن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ایسے کسی بھی شخص کے ساتھ کسی بھی طرح کا کوئی معاملہ نہ کریں جو اقامہ اور محنت قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں ڈیپورٹیشن سینٹر لایا جاتا ہے۔ جہاں انکے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرکے انہیں ملک بدر کیاجاتا ہے۔ اب تک3 لاکھ 13 ہزار491افراد کو ملک بدرکیا جاچکا ہے۔ 2 لاکھ11 ہزار702 تارکین سے تحقیقات مکمل کی جاچکی ہیں وہ اپنے ملک روانگی کےلئے سیٹوں کی کنفرمیشن کے انتظار میں ہیں جبکہ ایک لاکھ70ہزار557 افراد سفری دستاویزات نہ ہونے کے سبب اب تک سفرنہ کرسکے ان تارکین کے ملک کے سفارتخانے کی جانب سے سفری دستاویزات جاری ہونے کے بعد انہیں سعودی عرب سے باہر جانے کی اجازت دی جائے گی جس کے بعد وہ اپنے ملک روانہ ہوسکیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اقامہ اور قانون محنت کی خلاف ورزیاں ثابت ہونے پر2لاکھ13 ہزار 715 افراد کے خلاف فوری طور پر سزا کے احکام جاری کئے گئے جن میں جرمانے اورقید کی سزا شامل ہے۔

About Abdul Rehman

x

Check Also

امریکا میں پبلک پارک سے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مگرمچھ برآمد

واشنگٹن:۔امریکی وائلڈ لائف ادارے نے فلوریڈا میں ایک عوامی پارک سے 13 فٹ طویل مگرمچھ ...